🌻آگئے میرے نبی🌻
ازقلم سبطین مرتضوی
غم کے ماروں کو ہنسانے آگئے میرے نبی
گرنے والوں کو اٹھانے آگئے میرے نبی
کفر کی کھیتی جلانے آگئے میرے نبی
مکر شیطاں سےبچانےآگئے میرے نبی
رحمۃ اللعالمیں بن کر ہر اک مظلوم کو
اپنے سینے سے لگانے آگئے میرے نبی
اب کھلے گا پیار کا گلشن جہاں میں ہرطرف
دشمنی دل کی مٹانے آگئے میرے نبی
مومنو! خوشیاں مناؤ آمد سرکار ہے
نعمتیں جگ میں لٹانے آگئے میرے نبی
عید میلادالنبی کا چاند چمکا عرش پر
محفلیں آؤ سجانے آگئے میرے نبی
آمنہ بی بی کے گھر بارہ ربیع النور کو
کعبے کو کعبہ بنانے آگئے میرے نبی
دن دوشنبہ صبح صادق آمنہ کی گود میں
صدقۂ نوری لٹانے آگئے میرے نبی
ہرجگہ ہرسمت پھیلی ہیں بہاریں نورکی
نور کا باڑا لٹانے آگئے میرے نبی
لات عزی اور ہبل کے تھے پجاری جتنے بھی
ان کو اب کلمہ پڑھانے آگئے میرے نبی
اب نہ زندہ دفن کی جائیں گی ہرگز بیٹیاں
سب کو اپنا حق دلانے آگئے میرے نبی
دیکھئیے امت کی خاطر بارگاہ قدس میں
دریا آنسو کا بہانے آگئے میرے نبی
وقت مغرب حضرت مولی علی کے واسطے
ڈوبے سورج کو پھرانے آگئے میرے نبی
نعت پاک مصطفے پڑھتے رہو اےمومنو!
سب کی بگڑی کو بنانے آگئے میرے نبی
حضرت صدیق کو اور حضرت فاروق کو
اپنے پہلو میں سلانے آگئے میرے نبی
ابر رحمت چھاگیا اور چھٹ گئی کالی گھٹا
ہوگئے منظر سہانے آگئے میرے نبی
سائلو! دامن پسارے آؤ آؤ بھیک لو
لےکے رحمت کے خزانے آگئے میرے نبی
آخری بن کر پیمبر نور کا لیکر چراغ
راستہ حق کا دکھانے آگئے میرے نبی
پیاس کےماروں نہ گھبراؤ وہ دیکھوحشرمیں
جام کوثر کا پلانے آگئے میرے نبی
اتنی ہمت ہے کہاں منجدھار میں جو روک لے
پار بیڑا جب لگانے آگئے میرے نبی
کس عمل پہ خلد پاتا رب سے اے سبطین تو
تجھ کو بھی جنت دلانے آگئے میرے نبی
Comments
Post a Comment